حکومت کے دعوے کھوکھلے ثابت :تاریگامی

سرینگر //سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما و ممبراسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی نے کہاہے کہ ریاست بالخصوص وادی کشمیر میں بجلی ، پانی اور طبی خدمات فراہم نہ ہونے کی وجہ سے لوگ بہت پریشان ہیں اور حکمران اتحا د کھوکھلے نعرے لگاکر ان بنیادی مسائل سے چشم پوشی کررہاہے۔اپنے ایک بیان میں تاریگامی نے کہاکہ دہائیوںسے یہ دیکھاگیاہے کہ لوگوں کے روز مرہ کے مسائل کوحکومتوں کی طرف سے سیاسی نعروں تلے دبایاجاتاہے اوراچھی حکمرانی پرتوجہ نہیںرہتی بلکہ کھوکھلے سیاسی نعرے اجاگر کئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بجٹ میںکئے گئے اعلانات پر عمل نہیں ہوا ۔تاریگامی نے کہا کہ جاری سکیمیں اور پروجیکٹ یاتو ناکارہ بنے ہوئے ہیں یاپھر کام کرنے کی رفتار بہت ہی سُست ہے ۔تاریگامی نے کہاکہ محکمہ بجلی ، پی ایچ ای اور طبی سکیموں کی حالت شرمناک بنی ہوئی ہے اور حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے جس کے نتیجے میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شدید سردیوں میں لوگوں کو مشکلات کاسامناہے۔