حکومت کے الزامات بے بنیاد:حریت(ع)

سرینگر//حریت کانفرنس (ع)نے ذرائع ابلاغ میں حکومت کے ان الزامات کو مسترد کیا ہے کہ اس کی ایگزیکیٹوباڈی کشمیرکے اُمیدواروں سے پاکستان کے میڈیکل اور ٹیکنیکل کالجوں میں داخلہ کیلئے پیسے وصول کرتی تھیں۔ایک بیان میں حریت کانفرنس(ع) نے کہاکہ حکومت کے اس حوالے سے الزامات قطعی بے بنیاداورمن گھڑت ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کی تصدیق ان طلبہ اوران کے والدین سے کی جاسکتی ہے جن کی حریت کانفرنس نے سفارش کی اور جن میں سے بیشترطلبہ مالی لحاظ سے کمزورطبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ حریت چیئرمین  سعودی عرب ،ملائیشیا ، ترکی، بنگلہ دیش اور دیگر کئی ممالک میںحصول علم کیلئے جانے والے طلباکی فلاح و بہبود کی خاطر ان کی خواہش پر سفارشی خطوط بھی جاری کرتے رہے ہیں،جو ان سے اس حوالے سے رابطہ کرتے ہیں۔دریں اثنا حریت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس طرح کے گمراہ کن پروپیگنڈے سے جموںوکشمیر سے متعلق حقائق ہرگز تبدیل نہیںکئے جاسکتے اور یہ کہ حریت میرواعظ کی قیادت میں اپنے اصولی موقف کے پیش نظر عوامی خواہشات کی نمائندگی کرتے ہوئے تنازعہ جموںوکشمیر کے فریقین کے مابین پر امن مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے مسئلہ کے حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔