حکومت کی پالیسیوں سے تعلیم یافتہ نوجوان بیزار:اعجازجان

 جموں//یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدراعجاز جان نے کہاکہ پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت کی نوجوان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے تعلیم یافتہ بے روزگارنوجوانوں کیلئے روزگارکے مواقعے روزبروز کم ہورہے ہیں جس کے نتیجہ میں جموں وکشمیرکے نوجوانوں کامستقبل تاریک بن رہاہے۔شیرکشمیربھون میں بعددوپہر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعجازجان سے کہاکہ اقرباپروری اورجانبداری موجودہ مخلوط ریاستی حکومت کی پالیسی ہے جس کے نتیجہ میں ذہین اورحقدارامیدواروں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ریاست کے نوجوان سخت اضطراب اوربے چینی کاشکار ہوچکے ہیں۔اعجازنے کہاکہ بے روزگاری کامسئلہ ریاست کے لئے دن بدن ایک چیلنج بنتاجارہاہے اوراس مسئلے کوحل کرنے کیلئے موثرحکمت عملی  اوربہترمنصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ بھرتی ایجنسیوں کوصحیح سمت میں ہدایات نہ ملنے کی وجہ سے خالی آساموں کوپرکرنے کاعمل نہایت سست ہے جس سے فاسٹ ٹریک ریکروٹمنٹ کے ریاستی سرکارکے دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے۔اس موقعہ پرجموں کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے نوجوانوں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ۔اعجازجان نے ان کاپرجوش خیرمقدم کیااورکہاکہ اس سے نیشنل کانفرنس مزیدمضبوط بنے گی جن لوگوں نے این سی میں شمولیت اختیارکی ان میں ارون بسکوترہ، کنال مہاجن،کنہیاشرما، سیدکرامت شاہ،گرجندرسنگھ،ہرپریت سنگھ، جے دیپ سنگھ من جیت سنگھ ،ارجن سنگھ ،ساگرڈوگرہ،گرپریت سنگھ ،ملکیت سنگھ ،پون کمارشرمااوردیگران شامل ہیں۔