حکومت کشمیر ی پنڈتوں کی وادی واپسی کیلئے وعدہ بند : عبدالحق

جموں /دیہی ترقی، پنچایتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے کہا ہے کہ حکومت کشمیری پنڈتوں کی وادی واپسی کے لئے پُر عزم ہے اور اُن کی واپسی کے لئے ایک ساز گارماحول قائم کرنے کیلئے مختلف محاذوں پر کام کیا جارہا ہے۔پلورہ جموںمیں کشمیری پنڈت برادری کے کچھ ارکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر مختلف طبقوں میں بد اعتمادی پیدا کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور وہ یہ نہیں چاہتے ہیں کہ کشمیری پنڈت وادی واپس لوٹیں۔ ان کے ہمراہ ارکان قانون سازیہ عبدالمجید پڈر اور یاسر ریشی بھی تھے۔وزیر موصوف نے وادی میں مختلف طبقوں کے درمیان استفسار کے مزید راستے کھولنے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ نئی پود متواتر ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرکے غلط فہمیوں اور بدا عتمادی کو دور کرسکے۔انہوںنے کہاکہ دُوریوں کو نزدیکیوں میں بدلنے کے بجائے کچھ میڈیا چینل مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کی ایما پر دونوں طبقوں کے درمیان خلیج پید ا کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ذرائع ابلاغ کو ایک ساز گار فضا پیدا کرنے میں مثبت رول ادا کرنا چاہیئے۔عبدالحق خان نے کہا کہ ہجرت کرنے سے نہ صرف کشمیر ی پنڈتوں کو نقصان اُٹھانا پڑا بلکہ مسلمان بھی اسے متاثر ہوئے۔ وزیرنے کہا کہ وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی اس بات کی متمنی ہیں کہ کشمیری پنڈت واپس وادی لوٹیں کیونکہ ان کے بغیر کشمیر ادھورا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ مائیگرنٹوں کے تمام مسائل کو حل کرنے کی خواہش مند ہیں اور اس حوالے سے کئی لازمی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔تقریب پر عبدالمجید پڈر اور یاسر ریشی نے بھی خطاب کیا۔