حکومت کانگریس کے مشوروں کو سنجیدگی سے لے: سونیا

سرینگر//کانگریس کی جانب سے کووڈ-19 پر مبنی ایک وہائٹ پیپر جاری کیا گیا جس میں کورونا انفیکشن سے پیدا موجودہ حالات اور آئندہ کے تعلق سے پیش خدشات کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت کو کئی اہم مشورے دیئے گئے ہیں۔ تقریباً 150 صفحات پر مبنی اس وہائٹ پیپر میں کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بطور دیباچہ کچھ اہم باتیں لکھی ہیں ۔ایک خصوصی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منگل کو راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے یہ وائٹ پیپر تفصیل سے تیار کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وائٹ پیپر کے ذریعہ ان کا مقصد حکومت کی طرف انگلی اٹھانا نہیں ہے ، بلکہ حکومت نے پہلی اور دوسری لہر کو شکست دینے کے دوران جس طرح کی غلطیاں کی ہیں، ممکنہ تیسری لہر میں ان غلطیوں کو سدھارنے اور صحیح اقدامات کرنے کی تجویزیں پیش کی گئیں ہیں۔انہوں نے بتایاکہ "ہم جانتے ہیں کہ ان غلطیوں کو آنے والے وقتوں میں بھی سدھارنا پڑے گا۔ پورا ملک جانتا ہے کہ دوسری لہر سے پہلے ہمارے سائنسدانوں اور ڈاکٹروں نے دوسری لہر کی آمد کے بارے میں بات کی تھی۔