حکومت نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کوشاں :منصور

جموں//وائس چیئرمین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ منصور حسین سہروردی نے کہا ہے کہ حکومت ریاستی نوجوانوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی وعدہ بند ہے  تاکہ بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے ۔جموںمیں ایک میٹنگ کے دوران کے وی آئی بی کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے دوران انہوں نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے نجی سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت جموںمیں بے روزگار نوجوانوں کے لئے عنقریب ہی ایک بڑا ورکشاپ منعقد کرے گی تاکہ یہ نوجوان اپنے لئے روزگار یونٹ قائم کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بے روزگاروں کو نوکریاں ڈھونڈنے کے بجائے نوکریاں دینے والوں میں تبدیل کرنے کی طرف توجہ دے رہی ہے ۔منصور حسین نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے ضلعوں میں بیداری کیمپ منعقد کرکے سکیموں کے بارے میں لوگوں کو روشنا س کرائیں۔اس موقعہ پر کے وی آئی بی کے سی ای او رشید احمد قادری نے جانکاری دی کہ بورڈ نے رواں مالی سال کے دوران 508کیسوں میں 10کروڑ روپے کی مارجن منی واگذار کی ہے تاکہ بے روزگار نوجوان اپنے یونٹ کھڑا کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ 808.77کروڑ روپے کی لاگت سے پانچ کلسٹر قائم کئے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔