حکومت زراعت کوترقی دینے کیلئے پرعزم ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام‘ شعبے میں انقلاب بپا کرے گا: چیف سیکرٹری

 عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کہا کہ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈی پی)‘ زراعت اور اس سے منسلک شعبوں میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گا جس سے کسانوں کی زندگی میں بہت بہتری آئے گی اور ان کی آمدنی دوگنی ہوگی۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ایس کے یو اے ایس ٹی) کشمیر میں ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈِی پی) سے اِستفادہ کنندگان سے بات چیت کرنے کے دوران کیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کسانوں میں یقینی طور پر یہ نظریہ موجود ہے کہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈی پی )نے ان کی آمدنی میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور کسانوں کی کامیاب داستانوںکا مشاہدہ مثبت نتائج کی عکاسی کرتا ہے۔اَتل ڈولو نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 70 فیصد آبادی کا ذریعہ معاش زراعت ہے اور اسی تناظر میں حکومت ایک عملی اور ہم آہنگ پالیسی پروگرام (ایچ اے ڈی پی) لے کر آئی ہے جو چیلنجوں سے نمٹائے گا اور اِس شعبے کو خطے میں تصور کردہ خوشحال دیرپا زرعی معیشت میں تبدیل کرے گا۔