حکومت جموں کشمیر کی طرف سے عدالت عظمیٰ کے سامنے دفعہ 35اے کیس کی شنوائی التواء میں ڈالنے کی درخواست

سرینگر/جموں کشمیر حکومت نے سوموار کو آئین کے دفعہ35اے کیخلاف کیس کی شنوائی کو التواء میں ڈالنے کیلئے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا۔

اس حساس کیس کی شنوائی12اور14فروری کے درمیان مقرر کی گئی ہے۔

جموں کشمیر کے سٹینڈنگ کونسل ایم شعیب عالم نے التواء کی درخواست عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار جنرل کو پیش کردی ہے۔

عالم نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ ریاست میں اس وقت منتخب سرکار نہیں ہے اور جموں کشمیر پرصدر راج نافذ ہے اس لئے موجودہ وقت اس حساس کیس کی شنوائی کیلئے موزون نہیں ہے۔

انہوں نے درخواست میں لکھا ہے کہ اس بنیاد پر مذکورہ کیس کی شنوائی جموں کشمیر میں  منتخب سرکار کے قیام تک ملتوی کی جانی چاہئے۔

 آئین کی دفعہ 35 اے جموں کشمیر کے عوام کی خصوصی شہریت سے متعلق ہے۔

اس دفعہ کو آئین سے حذف کرنے یا اس میں ترمیم کرنے کے حق میں عدالت عظمیٰ کے سامنے متعدد درخواستیں پڑی ہیں جن کی شنوائی ایک ساتھ کی جانے والی ہے۔