حکومت جموںوکشمیر کو فلم سازی کا مرکز بنانے کیلئے کوشاں

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں یونیورسٹی کے جنرل زورآور سنگھ آڈیٹوریم میں معروف گلوکارہ جبین نوتیال کا میوزک البم ’’ تجھے بھولنا تو چاہا ‘‘ جاری کیا ۔ ٹی سیرز کے بینر تلے اور وادی کشمیر کی خوبصورتی میں فلمائے گئے اس گانے میں ایک آئی اے ایس اور اداکار ابھیشیک سنگھ اور سرزمین کی بیٹی سمرین کور بھی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ کو جموں و کشمیر کو فلم سازوں کیلئے شوٹنگ کا پسندیدہ مقام بنانے کی سمت میں ایک اور سنگِ میل قرار دیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر ہمیشہ سے ہی فلم کی شوٹنگ کی ایک مشہور منزل رہا ہے اور وہ سنہری دور واپس آ گیا ہے اور بہت سے فلم ساز اپنی فلموں ، ویب سیریز اور موسیقی البموں کی یوٹی میں شوٹنگ کیلئے تیار ہیں ۔  لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت پوری دُنیا کے فلم سازوں کا ایک بار پھر خیر مقدم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جموں و کشمیر کا فلم انڈسٹری میں 1980 کی دہائی کا دور واپس لانا چاہتے ہیں اور یونین ٹیر ٹری کو دُنیا بھر میں فلم سازوں کی پسندیدہ منزل بنانا چاہتے ہیں ۔ فلم سازی کیلئے جے اینڈ کے کو ایک مرکز بنانے کیلئے یو ٹی حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت نے ایک بہترین فلم پالیسی تیار کی ہے جو ہندوستانی سنیما میں جموں و کشمیر کی کھوئی ہوئی شان کو بحال کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم سازوں کی سہولت اور مقامی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کیلئے نوجوانوں کو روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے علاوہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے فلم کو بطور صنعت تسلیم کیا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ سے نہ صرف سیاحت کے شعبے کو ترقی ملے گی بلکہ اس سے خطے کی معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا ۔ اس کے علاوہ مقامی نوجوانوں ، فنکاروں اور تکنیکی ماہرین کو روز گار کے مزید مواقعے فراہم ہوں گے۔  لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آنے والے دنوں میں یو ٹی میں فلم سٹی ، فلم ٹریننگ انسٹی چیوٹ ، پروڈکش ہاوس اور نیشنل سکول آف ڈرامہ کے علاقائی کیمپس کی ترقی کیلئے کام جاری ہے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے 786 کروڑ روپے مختص کرنے پر بھی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ جو پچھلے سال کے مقابلہ میں 509 کروڑ روپے زیادہ ہے ۔ جموں و کشمیر کی سیاحت کو بڑھاوا دینے کیلئے حکومت سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے اس کے علاوہ جموں کے سیاحتی مقامات بشمول پتنی ٹاپ ، مانسر ، سروئیں سر ، راجوری ، پونچھ اور کشتواڑ کو بھی فروغ دے رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ فلم سازوں اور سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے جموں اور اس کے آس پاس کے سیاحتی مقامات کو جوڑنے کیلئے ٹورسٹ سرکٹ تیار کیا جا رہا ہے ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر نے میوزک البم کے فنکاروں کو بھی مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کی خواہشات ظاہر کیں ۔