اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پارلیمانی انتخابات 2024 کے پہلے مرحلے کے تحت آج اودھم پور ڈوڈہ کٹھوعہ پارلیمانی میں ووٹنگ ہو گی اور اس کے لئے 1623195رائے دہندگان 12 امیدواروں کی قسمت آزمائی کا فیصلہ کریں گے جن میں دو سابق وزراء و ایک موجودہ ممبر پارلیمنٹ بھی شامل ہیں۔ادھر ڈوڈہ ضلع میں بھی آج ووٹنگ ہوگی جس میں تین اسمبلی حلقہ میں رائے دہندگان کی مجموعی تعداد 305093 ہے اور 513 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسمبلی حلقہ 51-بھدرواہ میں رائے دہندگان کی کل تعداد 122765،ڈوڈہ میں 96654 و ڈوڈہ ویسٹ میں 85674 ہے۔ادھر ضلع الیکشن افسر ڈوڈہ (ڈپٹی کمشنر) نے ووٹنگ عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے ضلع میں ایمرجنسی سروسز کے علاوہ تمام سرکاری و نجی اداروں باالخصوص تعلیمی اداروں میں کام کاج معطل رکھنے و آج کے دن عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ادھر، ضلع الیکشن آفیسر (ڈپٹی کمشنر) کشتواڑ کی ہدایت کے مطابق چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ نے آئندہ لوک سبھا الیکشن کے پیش نظر تمام سکول 18 اور 19 اپریل 2024 کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔