حضرت علی مرتضیٰ کا یوم ولادت اورحضرت شاہ ہمدانؒ کا عرس | خانقاہ معلی میں ختمات المعظمات اور درود وازکار کی مجلس آراستہ

 سرینگر// حضرت سیدنا حضرت علی،ؓ اور حضرت شاہ ہمدانؒ (بانی اسلام کشمیر) کے عرس مبارک ایک ساتھ پوری عقیدت واحترام کے ساتھ منائے گئے۔ اِس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب کل خانقاہ معلی میں منعقد ہوئی جہاں نماز ظہر کے بعد ختمات المعظمات ، درود ازکار کی مجلس آراستہ ہوئی، جس کی پیشوائی امام بقعہ عالیہ الحاج امام غلام محمد ہمدانی نے کی، جس میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ اس موقعے پر منصب دار خانقاہِ معلی اوراد خواں و فاتح خواں حضرات کے ساتھ ساتھ پیرزادہ محمد یاسین ظہرہ، حاجی مسعودالحسن ہمدانی، سجادہ نشین الحاج شاہد نعمان ہمدانی، پیرزادہ محمد اشرف ہمدانی، فاتح خواں مسعود احمد، حاجی شمس الدین ہمدانی موزن، حاجی بشیر احمد ہمدانی موزن، مولانا خورشید احمد قانگو، شفیق احمدزہرہ ہمدانی بھی موجود تھے۔وادی کے تمام خانقاہوں میں بھی ایسی ہی تقریبات کا انعقاد ہوا۔ جبکہ تاریخی خانقاہِ معلی اور خانقاہِ فیزپناہ ڈورو شاہ آباد، ترال، وچی، سیر ہمدان، سوپور، چرار شریف، پانپور ، کھاگ ، خانقاہِ حضرت ایشان شیخ یعقوب صرفیؒ میں خطمات المعظمات، درود و ازکار کی مجالس بھی آراستہ ہوئیں۔
 
 

حقانی میموریل ٹرسٹ کی تہنیت 

 سری نگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت سیدنا علی المرتضی کرم اللہ وجہہ کے یوم ولادت پر تہنیت و تبریک پیش کی ہے ۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے کہا ہے کہ خلیفہ چہارم، سیدنا علی المرتضی کرم اللہ وجہہ کی ذات گرامی کی فضیلت اور مناقب کے بے شمار گوشے امام الانبیا صلی اللہ علیہ وسلم یا ان کیجانثاروں کے کلام سے ثابت ہے ۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان سے خاص تعلق اورمحبت تھی،حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی ذات گرامی نے دین اسلام کے ضمن میں بیش بہا کارنامے انجام دییجس کی خاطر آپ کرم اللہ تعالی وجہہ  نے بیشمار قربانیاں پیش کیں۔ 
 
 

انجمن شرعی شیعیان کی طرف سے تقریبات منعقد

سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کی طرف سے حسب معمول ولادت باسعادت مولود کعبہ امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے مناسبت پر وادی کے طول و عرض میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوا  اس سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان نے لالچوک میں گھنٹہ گھر کے سامنے ایک اسٹال قائم کیا جہاں پر راستہ چلتے لوگوں میں چائے،جوس اور امیر المومنین کے زندگی پر مشتمل کتابچے تقسیم کئے ۔ادھر چک باغ حضرت بل میں مرکزی پروگرام منعقد ہوا،جہاں پر ضلع سرینگر کے شاخہ ہای جامعہ باب العلم کے بچوں نے رنگارنگ طریقوں سے امام اول حضرت امیر المومنین کو عقیدت کے پھول نچھاور کئے ۔