حضرت علیؑ کی شہادت پر پونچھ میں مجلس کا انعقاد

پونچھ//اکیس رمضان المبارک شہادتِ امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی مناسبت سے مرکزی جامع مسجد پونچھ میں ایک مجلس بنام ’ذکرِ حضرتِ علی ‘رضی اللہ تعالی عنہ منعقد ہوئی۔ اس موقعہ پرمرکزی جامع مسجد پونچھ کے خطیب مولانا مُفتی فاروق حُسین مصباحی نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی شان بیان کی ۔انہوںنے کہاکہ آپ رضی اللہ عنہ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بچپن سے ہی اپنے ساتھ رکھنا شروع کر دیا تھا۔ آپ نے حضرتِ خدیجتہ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے بعد سب سے پہلے اسلام قبول کیا، نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ فرشتے مُجھ پر اور علی المرتضیٰ پر اُس وقت سے درود سلام بھیجتے رہتے ہیںجب ہم دونوں نماز پڑھا کرتے تھے۔ انہوںنے کہاکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا علی بڑے راست گو ہیں ،بڑے فیصلہ کرنے والے ہیں نیز حق و باطل میں بڑی مہارت سے امتیاز کرنے والے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا علی کی طرف دیکھناعبادت ہے اور جو علی کی محبت میں فوت ہو گا اللہ تعالیٰ اُس کا خاتمہ بالخیر فرمائے گا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا علی تُم میرے بعد سب سے پہلے جنّت میں داخل ہوگے اور تمہارا حساب وکتاب نہیں ہوگا۔ آپ ؐ نے فرمایا جس نے علی سے محبت کی اُس نے مُجھ سے محبت کی اور جس نے علی سے عداوت رکھی اُس نے مُجھ سے عداوت کی، جس نے علی کو تکلیف پہنچائی اُس نے مُجھے ایذا دی اور جس نے مُجھے ایذا دی اُس نے اللہ تعالیٰ کو غضبناک کیا۔ موصوف نے کہا کہ جنابِ علی المرتضیٰ کو اللہ تعالیٰ نے مولودِ کعبہ کے اعزاز سے سرفراز فرما یا جو آپ ہی کا خاصہ ہے جبکہ آپ رضی اللہ عنہ کی شہادت بھی حالتِ نماز کے اندر مسجد ہی میں ہوئی جو بڑی فضیلت کی بات ہے۔ تقریب کے اختتام پر مفتی موصوف نے حضرتِ علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے توسّل سے بارگاہِ الٰہی میں مُلک و مِلت اور ریاست کی امن سلامتی کے لئے دُ عائے خیر کی۔