سرینگر//عرس مبارک حضرت میر سید یعقوب صاحبؒ سونہ وار کے عرس مبارک پرسونہ وار میں ایک تقریب کا انعقاد ہواجس میں عقیدتمندوں کی بھاری تعدادنے شرکت کی۔ نماز ظہر سے قبل بقعہ عالیہ کے امام و خطیب محمد حسین قادری اور محمد اشرف عنایتی نے اولیاء کرام کی عظمت بیان کی۔ انہوں نے حضرت میر سید یعقوبؒکی پاک سیرت، علمی اور روحانی کمالات اور دین اسلام کی آبیاری کیلئے اُن کی ناقابل فراموش خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تبلیغ واشاعت کے تئیں اُنؒ کے خدمات ایک سنہری باب ہے اور ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ختمات المعظمات، درود واذکار، مولود خوانی اور شب خوانی کی پیشوائی مولانا ریاض الحق اور محمد حسین قادری نے انجام دی ۔اس دوران مولانا شوکت حسین کینگ نے شان اولیاء پر مفصل روشنی ڈالی۔ اس موقع پرجمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے عقیدتمندوںکو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیم قرآن اور حدیث پر مبنی ہے اور اس پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے۔