حضرت سیدعبدالقادر جیلانی ؒ کا عرس مبارک

 سرینگر//عرس مبارک پیرانِ پیر حضرت محبوب سبحانی شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کے ایام معتبرکہ کے سلسلے میں کل ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری و ایم ایل اے خانیار علی محمد ساگر کی صدارت میں در خانہ سجادہ نشین پیردستگیر صاحبؒ سید خالد گیلانی منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں بقعہ عالیہ کے منصب دار، مسلم اوقاف ٹرسٹ کے اہلکار اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر علی محمد ساگر نے افسران سے تاکید کی کہ سالانہ عرس مبارک حضرت پیر پیران پیردستگیر صاحبؒ کے پیش نظر زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات جن میں پینے کی پانی، بغیر خلل بجلی، صحت وصفائی اور معقول ٹرانسپورٹ کے انتظامات بھی شامل ہیں، صبح وشام دستیاب رکھے جائیں۔ انہوں نے اِس سلسلے میں قدیم اور تاریخی زیارت گاہوں حضرت پیر دستگیر صاحبؒ خانیار شریف، درگاہ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل ، زیارت دستگیر صاحبؒ سرائے بالا، آثار شریف جناب صاحب صورہ، زیارت دستگیر صاحبؒ بانڈی پورہ، رفیع آباد، سوپور، پنجورہ ، شوپیاں اور دوسری زیارت گاہوں پر بھی عقیدت مندوں کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی تلقین کی۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر، ڈائریکٹر فلوریکلچر، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی، ایس پی نارتھ، ہیلتھ آفیسر، آر اینڈ بی، پی ایچ ای، بجلی، میونسپلٹی، پلاننگ اور یو ای ای ڈی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔یاد رہے عرس کے ایام معتبرکہ 29ماہ ربیع اول جمعرات بمطابق 18دسمبر سے شروع ہورہے ہیں۔