حضرت بلبل شاہ ؒ اور حضرت سید پیر حاجی محمد قاریؒ کے عرس، عقیدت واحترام سے منائے گئے

سرینگر// بلند پایہ ولی کامل حضرت سید عبدالرحمان قلندر المعروف بلبل شاہ صاحبؒ کے عرس کی اختتامی تقریب پر آج اُن کے آستان عالیہ واقع بلبل لانکر نوا کدل میں صبح صادق ہی ایک روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا، جس میں درود ازکار ، ختمات المعظمات اور مولود خوانی کی مجالس آراستہ ہوئیں ۔ وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے عقیدت مندوں نے پُر وقار تقریب پر شرکت کی۔ اِس موقعہ پر عالم اسلام کی سربلندی ، عالم انسانیت کی بقا اور ریاست کے امن وامان ، لوگوں کی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔آج ہی حاجی پیر حاجی محمد قاری صاحبؒ کا بھی عرس منایا گیا، جہاں حسب قدیم مولود خوانی، خطمات المعظمات اور درود و ازکار کی مجالس کا انعقاد ہوا۔ وادی کے عالم الدین علامہ الحاج مولانا شوکت حسین کینگ، مولوی خورشید احمد قانونگو ،الحاج پیرزادہ مولوی عبدلاحق اور الحاج پیرزادہ محمد اشرف عنایتی نے ان مجالس کی پیشوائی کی اور دونوں بلند پائے ولی کاملوں کے تاریخ ساز اسلامی خدمات ، روحانی کمالات پر کہا ،کہ ملک کشمیر کے لوگوں کو سب سے پہلے اسلام کی تعلیم سے منور کرنے میں حضرت بلبل شاہ صاحبؒ کا ہی ملی رول ہے ۔ اِن کی آمد پر کشمیر میں اسلام کی تبلیغ وشاعت کی بنیاد پڑی اور اِن کے علمی اور روحانی کمالات کی بدولت جوق در جوق اسلام کے دایرے میں شامل ہوئے۔ یاد رہے کہ حضرت پیر حاجی محمد قاریؒ کو حضرت بانی اسلام میر سید علی ہمدانیؒ نے خانقاہِ معلی پہلا امام مقرر کیا تھا اور ان کی پیشوائی میں نماز ادا کی۔جمعیت ہمدانیہ نے عرس مبارک پیش عقیدتمندوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ادھر جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے معروف خطیب جمعہ زیارت میر سید یعقوب صاحبؒ سونہ وار الحاج حبیب اللہ صاحبؒ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جمعیت کے حاجی عبدالرشید گانی، پیرزادہ محمد اشرف عنایتی، میر بشیر احمد کینٹ، محمد یاسین ظہرہ، محمد حسین قادری، فاروق احمد گانی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔