حسن پورہ بجبہاڑہ میں فائرنگ | جاں بحق پولیس ہیڈ کانسٹیبل کا بیٹازخمی

عارف بلوچ
اننت ناگ// حسن پورہ بجبہاڑہ گائوں میں نامعلوم ملی ٹینٹوں نے پولیس کے ایک مہلوک ہیڈ کانسٹیبل کے بیٹے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اْس کوعلاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی شام قریب 7بجے حسن پورہ بجبہاڑہ میں نامعلوم ملی ٹینٹوں نے نوجوان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوا اور اْس کو طبی امداد کی خاطر سب ضلع ہسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا گیا۔ ابتدائی مرہم پٹی کے بعد زخمی نوجوان کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر سرینگر منتقل کیا گیا۔زخمی کی پہچان آصف علی گنائی ولد علی محمد ساکن حسن پورہ کے بطور ہوئی ہے۔ آصف علی کی ٹانگ میں گولی پیوست ہوئی ہے۔اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ نوجوان کا والد پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل تھا جو جاں بحق ہوا ہے۔دریں اثنا پولیس نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے حسن پورہ بجبہاڑہ میں شہری پر مسجد شریف کے نزدیک فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اُس کی حالت مستحکم ہے۔ اُن کے مطابق پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ہے۔ یو این آئی