نیوز ڈیسک
سری نگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان برائے جنوبی کشمیر حسنین مسعودی نےجمعرات کو لیفٹنٹ گورنر شری منوج سنہا سے ملاقات کی۔
حسنین مسعودی نے ایل جی سے عارضی ملازمین کی مستقلی اور کم از کم اجرتوں کا اطلاق، ہوم گارڈ اور جے کے سیمنٹس کے ملازمین کی تنخواہوں کی واگذاری کرنے پر زور دیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے ایل جی کی کو اس بات سے آگاہ کیا کہ جل جیون اور زعفران مشن میں بور ویلوں کے تنصیب کیلئے جن لوگوں نے اپنی زمینیں وقف کی ہیں ، انہیں ملازمت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن تاحال یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں کی تعداد میں یہ بور ویل بے کار پڑے ہوئے ہیں۔
مسعودی نے کہا کہ اگر یہ معاملہ سلجھایا جائے گا تو اس سے لوگوں کو کافی راحت پہنچے گی۔ ایسے ہی پنچایت گھروں کی تعمیر کیلئے جن لوگوں کی اپنی زمینیں دی ہیں انہیں بھی ابھی تک وعدے کے مطابق ملازمتیں فراہم نہیں کی گئیں ہیں جس کی وجہ سے تعمیر شدہ پنچات گھر وں میں کام کاج شروع نہیں ہوپا رہا ہے۔
مسعودی نے کہا کہ ان پروجیکٹوں پر کروڑوں روپے خرچ آئے لیکن ان کا فائدہ ابھی تک عوام تک نہیں پہنچ پایا ہے اس لئے ضروری ہے کہ حکومت اس جانب ضروری اقدامات اٹھائے۔
رکن پارلیمان نے لیفٹنٹ گورنر سے سیاسی کارکنوں کی سیکورٹی چھینے جانے کا معاملہ بھی اُٹھایا اور کہا کہ سیکورٹی نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف یہ سیاسی ورکر عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں بلکہ ان کی سیاسی سرگرمیاں بھی معدوم ہوکر رہ گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سارے ایسے سیاست دان ہیں جو اپنا کاروباری کرتے ہیںیا وکلاءبھی ہیں لیکن سیکورٹی نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنا روزگار کمانے سے بھی قاصر ہیں۔ انہوں نے ایل جی پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی ورکروں کو مساوی بنیادوں پر سیکورٹی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے۔