حریت نمائندوں کی برطانوی حکام سے ملاقات

بریڈفوڈ، برطانیہ // حریت(گ)  کے پاکستانی چیپٹر کے سینئر لیڈرعبدالحمید لون اور راجہ خادم حسین نے شیڈو برطانوی فارن سیکریٹری ہون ایملی تھورنبری اور انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ کے شیڈو وزیر جوڈتھ کومنز سے بریڈفوڈ برطانیہ میں ملاقات کی۔ملاقات کا اہتمام جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے برطانوی چیپٹر نے کیا تھا۔ ملاقات میں تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سمیت کئی کشمیری قائدین موجود تھے۔ حریت لیڈران نے ملاقات میں دونوں لیبر پارٹی ممبرانِ پارلیمان کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں کشمیر حل میں رول ادا کرنے کی تلقین کی۔دونوں برطانوی لیڈران نے حق خودارادیت کے حصول کی مکمل حمایت کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ کشمیر مسئلہ کا پرامن اور قابل قبول حل تلاش کریں تاکہ کشمیری عوام کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔انہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ان کی فوری روک کا مطالبہ بھی کیا۔عبدالحمید لون، راجہ خادم حسین اور راجہ نجابت نے دونوں برطانوی ممبران پارلیمان کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ کے کل جماعتی کمیٹی کی ستائش کی جو مسلسل کشمیر پر کام کر رہی ہے۔ملاقات کے دوران ان دونوں لیڈران کو پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب کامیاب بنا نے میں تعاون فراہم کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔یاد رہے کہ مذکورہ حریت لیڈران یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات کے سلسلے میں برطانیہ گئے ہوئے ہیں جہاں ان کی کارنر میٹنگز چل رہی ہیں