حریت (ع)حاجن ہلاکت پربرہم ،تحریک نوازی کے جرم میں قتل کیا گیا

سرینگر// حریت (ع) نے حاجن میں مظفر احمد پرے نامی نوجوان کے بہیمانہ قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ نوجوان کو تحریک پسندی کی پاداش میں موت کے گھاٹ اتارا گیا ۔موصولہ بیان میںترجمان نے کہا کہ پرے کئی دنوں سے لاپتہ تھا اور اُس کی لاش کا پراسرار حالات میں ملنے سے ایسا لگ رہا ہے کہ موصوف کو تحریک نوازی کے جرم میں قتل کردیا گیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر میں نہتے لوگوں کے قتل وغارت کا واقعات کا اصل مقصد یہاں کے عوام کی تحریک مزاحمت کو کمزور کرنا ہے اور اس کے لئے یہاں تعینات فورسز کوئی بھی حربہ استعمال کرنے سے گریز نہیں کررہے ہیں۔ترجمان نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جوہری ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی اور مخاصمت کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور جب تک اس مسئلہ کو اس کے تاریخی تناظر میں حل کرنے کیلئے سنجیدہ اور بامعنی کوششوں کا آغاز نہیں کیا جاتا ، خطے میں دائمی امن اور استحکام کیلئے راہیں ہموار نہیں ہوسکتی ہیں۔