حراست میں یاسین ملک کی شدید علالت

سرینگر// شہر کے مرکزی تجارتی علاقہ مائسمہ میں اس وقت تنائو اور کشیدگی کے ماحول میں اچانک ہڑتال ہوئی،جب لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کی شدید علالت سے متعلق خبر پھیل گئی۔ پیر کو مائسمہ میں اس وقت اچانک ہڑتال ہوئی اور دکانیں و کاروباری مرکزی مقفل ہوئے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک کی نقل و حرکت بند ہوئی،جب مساجدوں کے لور سپیکروں سے محمد یاسین ملک کی علالت سے متعلق اعلان کیا گیا۔ اس دوران نوجوان گھروں سے باہر نکلے اور نعرہ بازی کرنے لگے،جبکہ تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہونے کے نتیجے میں تنائو اور کشیدگی کا ماحول بھی دیکھنے کو ملا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ اس دوران صورتحال کا اندازہ لگاتے ہوئے علاقے میں اضافی سیکورٹی تعینات کی گئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ نوجوانوں نے فورسز اور پولیس پر معمولی نوعیت کی سنگباری بھی کی،جبکہ پولیس نے انکا تعاقب کر کے انہیں منتشر کیا۔بعد میں اگر چہ صورتحال میں قدرے بہتری آئی تاہم دکان اور تجارتی مراکز بدستور بند رہے اور فورسز اور پولیس اہلکار بھی  گشت کرتے رہے۔