حد متارکہ کے نزدیک تعمیر بنکر کھنڈرات میں تبدیل ہونا شروع ڈھانچوں کو قابل استعمال نہ بنایا جاسکا ،خرچ فنڈز کی جانچ کا مطالبہ

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں میں فائرنگ سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کیلئے تعمیر کردہ کمیونٹی اور انفرادی بنکروں کو ابھی تک قابل استعمال نہیں بنایا جاسکا اور اب تعمیر شدہ ڈھانچے کھنڈرات میں تبدیل ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔سب ڈویژن کی سرحدی تحصیل منکوٹ کے لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں کیساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کے حکم پر تعمیر اتی ایجنسیوںکی جانب سے سب ڈویژن کے سرحدی دیہات میں لاکھوں روپے کے فنڈز خرچ کر کے بنکروں کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی لیکن مذکورہ ڈھانچوں میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہو ا ہے جو کہ اس وقت نا قابل استعمال ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بنکروں کے صرف ڈھانچے ہی تعمیر کئے گئے تھے تاہم اس کے بعد ان کو قابل رہائش بنانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی ایک بنکروں کی تعمیر کے دوران انتہائی غیر معیاری مٹریل کا استعمال کیا گیا ہے اور لگ بھگ سبھی بنکروں کا لینٹر ڈالنے کے بعد ان کو یکسر طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ڈھانچوں کو قابل استعمال بنانے کیساتھ ساتھ ان کی تعمیر پر خرچ ہوئے فنڈز کی جانچ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں ۔