حد متارکہ پر گولہ باری سے جنگلوں میں آگ

مینڈھر//ہندوستان اور پاکستانی افواج کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجہ میں جنگلوں میں بھیانک آگ لگ گئی  ہے جس سے فوج کی جانب سے بچھائی گئی زیر زمین بارودی سرنگیں سماعت شکن دھماکوں کے ساتھ پھٹ رہی ہیں۔سرحدی علاقوں کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیاہے ۔ منگل کو حد متارکہ پر سکوت چھایا رہا تاہم لوگوں میں بدستور دہشت پائی جا رہی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسلسل دوروز تک ہونے والی شدید گولہ باری کے بعد منگل کو آر پار فائرنگ کا کوئی نیا واقعہ پیش نہیں آیا اور کنٹرول لائن پر سکون رہی ۔ تاہم گولہ باری سے لگی آگ کا دائر ہ مزید وسیع ہو گیا ہے اور آگ نے سرحد کے دوسرے کئی حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ آگ کی وجہ سے کئی بارودی سرنگیں سماعت شکن آواز کے ساتھ پھٹ گئیں جس سے سرحدی علاقوں میں سراسیمگی پھیل گئی۔ تاہم کسی جانی نقصان کی فی الوقت کوئی اطلاع نہیں ہے۔