مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں حدمتارکہ پر قائم گور نمنٹ مڈل سکول پنجنی کی عمارت گزشتہ 11برسوں سے زیر تعمیر ہے تاہم متعلقہ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے عمار ت کو مکمل ہی نہیںکیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سرحدی علاقہ میں قائم کردہ عمارت کی تعمیر 2009-10میں شروع کی گئی تھی لیکن متعلقہ محکمہ اور ٹھیکیدار کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے عمارت کی صرف دیورایں تعمیر کر نے کے بعد چھوڑ دیا گیا ۔مکینوں نے بتایا کہ سکول میں اس وقت 3ٹیچر تعینات ہیں جبکہ 20کے قریب بچے بھی زیر تعلیم ہیں لیکن عمارت نہ ہونے کی وجہ سے سکول میں تعلیمی عمل پڑوس کے ایک کچے گھر میں انجام دیا جارہا ہے جو کہ اب نا قابل استعمال بھی ہوچکا ہے تاہم بارشوں کے دوران بچوں کو چھٹی کر دی جاتی ہے ۔مقامی معززین نے محکمہ تعلیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ایک دہائی سے سکول کا لینٹر ہی نہیں ڈالا گیا جس سے محکمہ کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عمار ت کی تعمیر کے سلسلہ میں خرچ ہوئے فنڈز کی تحقیقات کروائی جائے جبکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ عمارت کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جاسکے ۔