حد متارکہ پر درندازی جاری

 بانڈی پورہ/عازم جان/ مژھل ،نوگام اوراوڑی میں چار روز سے جاری وسیع فوجی آپریشن کے بیچ فو ج نے ہفتہ کو گُریز بانڈی پورہ میں در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک عدم شناخت جنگجو کو مار نے کا دعویٰ کیا ہے ۔اس طرح گزشتہ بدھ سے شمالی کشمیر میں حد متارکہ پر فوجی آپریشن کے دوران اب تک 13جنگجو اور ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ کئی اہلکار زخمی ہوئے ۔شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف سیکٹروں میں 4دن سے جاری فوجی آپریشن کے دوران ہفتہ کو تازہ جھڑپ میں ایک اور عدم شناخت جنگجو مارا گیا اوراس آپریشن کے دوران اب تک مارے جانے والے جنگجووں کی تعداد13 ہوگئی ہے۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مژھل ،نوگام ،اوڑی کے بعد اب ہفتہ کو فو ج نے گُریز بانڈی پورہ میں لائن آف کنٹرول پر در اندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا ۔  36آرآر نے  بگتور علاقے میں مشتبہ سرگرمی دیکھی جس کے بعد فائرنگ کی گئی اور تلاشی کارروائی کے دوران ایک رائفل چھ میگزین اور وائرلیس سیٹ  برآمد کر لیا گیا ہے ۔ بعد میں علاقے سے ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی جسے وہی پر دفنایا گیا۔ یاد رہے کہ شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف سیکٹروں میں چار دن سے جاری فوجی آپریشن کے دوران اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔در اندازی کی تازہ کوشش میں جمعہ کواوڑی سیکٹر میں5جنگجو مارے گئے ۔فوج نے نوگام سے اوڑی سیکٹر تک وسیع پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کر رکھا ہے اور بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ہے جس میں ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی لی جارہی ہے۔