حد بندی کے بعد اسمبلی انتخابات ہونگے :رینہ

بی جے پی بھاری اکثریت سے جیت درج کریگی 

 
سرینگر//جموں کشمیر میں آئندہ حکومت بی جے پی کی ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے جموں و کشمیر بی جے پی صدر رویندر رینہ نے کہا کہ حد بندی مکمل ہونے کے ساتھ ہی جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہونگے ۔سرینگر میں شنکرا چاریہ مندر کے احاطے میں جمعہ کو بھاجپا لیڈروں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اتراکھنڈ میں 320 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ اسکیموں کو برائے راست دیکھا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رینہ نے کہا ’’ میں ایک بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جموں کشمیر میں حد بندی عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی الیکشن ہونگے اور اس بار جموں کشمیر میں بی جے پی بھاری اکثریت سے جیت درج کرکے اپنے دم پر حکومت قائم کرئے گی ۔ ‘‘رینہ نے کہا کہ جموں کشمیر کا اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہی ہوگا ۔ رویندر رینہ نے وزیر اعظم کی تعریف کرنے کے بعد پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا  ’’سرینگر سے شارجہ کی فلائٹ اب بھی اڑان بھرے گی بس راستہ تھوڑا لمبا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فضائی راستہ بند کر کے صاف کر دیا کہ وہ کشمیری عوام کا حامی نہیں ہو سکتا۔‘‘