جموں/ /نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس کو جموںوکشمیر میں اسمبلی وپارلیمانی حلقوں کی سرنو حد بندی پرکوئی اعتراض نہیں ہے۔جموں میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا نے کہا’’نیشنل کانفرنس کا ہمیشہ سے ہی جمہوریت اور جمہوری نظام پر اعتما درہا ہے ۔آئین اور جموںوکشمیر تنظیم نو قانون کے مطابق حد بندی2026میں ہونی تھی ‘‘۔صوبائی صدر نے مزید کہا’’اس کے باوجود ہمیں جموںوکشمیر میں حدبندی عمل پر کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم حد بندی کو شفاف اور غیر جانبدار انداز میں عمل میں لاکر اس جمہوری عمل کے تئیں لوگوںکا اعتماد بحال کیا جانا چاہئے تاکہ لوگ جمہوری انداز میں اپنے نمائندے چن سکیں‘‘۔ انہوںنے مزید کہا کہ یہ ایک ایسا عمل ہونا چاہئے جس سے لوگوںکو فائدہ ہو اور جمہوری عمل کے تئیں ان کا اعتما دبحال ہو۔رانا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا ہمیشہ جمہوریت پر اعتماد رہا ہے اور ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام کرے گی کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ لوگ جمہوریت کے بنیادی ستون ہیں۔
حد بندی کمیشن کے قیام پر کوئی اعتراض نہیں :رانا
