منڈی//حالیہ حد بندی کمیشن کی تجویزکے خلاف پونچھ کی تحصیل منڈی میں عوام نے کمیشن کے خلاف جم کر احتجاج کیا۔ اس موقہ پر عوام نے سابقہ ممبر اسمبلی پونچھ حویلی شاہ محمد تانترے اور پی ڈی پی ضلع صدر پونچھ شمیم احمد گنائی کی قیادت میں مندر منڈی سے ایک ریلی نکالی جس میں درجنوں کی تعداد میں لوگوں نے شریک ہو کر حد بندی کمیشن اور موجودہ مرکزی سرکار کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ ریلی کے دوران تحصیل کمپلیکس منڈی کے باہر ایک احتجاجی جلسہ بھی منعقد کیا گیا جس میں متعدد لوگوں نے خطاب کر کے کمیشن کی نئی تجویز کو یکسر مسترد کر دیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سابق ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے کہا کہ حد بند کمیشن اپنی غلطیوں کو درست کرے ۔انہوں نے کہا کہ کمیشن تجویزی رپوٹ میں خطہ پیر پنچال کو پارلیمانی حلقہ اننت ناگ کے ساتھ جوڑنے کی سفارشات کی گئی ہیں جو کہ عوام کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈی تحصیل کے کچھ علاقوں کو اسمبلی حلقہ سرنکوٹ سے لگایا جا رہا ہے جو کہ یہاں کے لوگوں کو سیاسی طور پر بانٹنے کی سازش ہے جس کو کسی بھی طور پر قبول نہیں کیا جائے گا ۔پی ڈی پی ضلع صدر شمیم گنائی نے حد بندی کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے پونچھ راجوری کی عوام کو چکی میں پیسا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راجوری پونچھ کو پارلیمانی حلقہ انتخاب کو اننت ناگ سے جوڑا گیا جبکہ ہونا یہ چاہیے تھا کہ خطہ پیر پنچال کو الگ سے پارلیمانی حلقہ بنایا جاتا جو کہ یہاں کے لوگوں کے ساتھ انصاف کی ماند تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پونچھ ضلع کی تینوں اسمبلی نشستوں کو ایک مخصوص طبقے کیلئے مختص کرنے کی سفارشات اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ سرکار اور حدبندی کمیشن عوام کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
حد بندی کمیشن کی تجویز،منڈی میں عوام سراپا احتجاج
