یو این آئی
نئی دہلی//وزارت اقلیتی امور کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مقدس حج بیت اللہ 2025کے لیے کمپیوٹر کے ذریعے خود کار انتخابی عمل سے قرعہ اندازی میں ریاست دہلی سے2690عازمین حج کا انتخاب کیا گیا جبکہ 867درخواست گذار عازمین کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر دہلی کی قرعہ اندازی مکمل ہونے کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیر پرسن کوثر جہاں نے ایک خصوصی بیان جاری کرکے دہلی سے فریضہ حج بیت اللہ کی ادائیگی کیلئے منتخب ہو نے والے تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور اس یقین کا اعادہ بھی کیا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ہر سال کی طرح اس سال بھی نہ صرف دہلی کے عازمین حج بلکہ دہلی امبارکیشن سے روانہ ہونے والے تمام عازمین حج کو ہر قسم کی خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے پابند عہد ہے۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے دہلی کے منتخب عازمین حج کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال دہلی سے حج امیدواروںکی کل3557درخواستوں میں سے منتخب ہو نے والے خوش نصیب عازمین کی تعداد2690 ہے۔ان میں عام زمرے میں2412جبکہ 65سال اور اس سے زائد عمر کے عازمین مع ایک ساتھی کی تعداد252ہے۔