سرینگر//حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فارو ق احمد اندرابی نے جموں وکشمیر سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ایس آر ٹی سی) کے حکام پر زور دیا کہ وہ حج2017کے دوران عازمین کے لئے سستے اور بلا خلل ٹرانسپورٹ سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔یہ ہدایات وزیر موصوف نے سرینگر میں حج 2017ءکے سلسلے میں کئے جارہے ٹرانسپورٹ انتظامات کا جائز ہ لینے کی غرض سے منعقد ہ میٹنگ سے خطاب کرنے کے دوران دیں۔کمشنر سیکرٹری مال محمد اشر ف میر ، کمشنر سیکرٹر ی ٹرانسپورٹ ہمت کمار شرما، سپیشل سیکرٹری مال فاروق احمد شاہ، سٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر ، ایم ڈی جے کے آر ٹی سی ،جی ایم جے کے ایس آر ٹی سی ، حج افسر ، سٹیٹ حج کمیٹی کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر حج2017ءکے عازمین کے لئے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور کہا گیا ہے کہ ایس آر ٹی سی حجاج کےلئے ٹرانسپورٹ کے تمام انتظامات کرے گی۔وزیر نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ عازمین او رحجاج کو لانے اور لے جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کرایہ میں کمی لائےں۔انہوںنے کارپوریشن کے زعماﺅں سے کہا کہ وہ اسے بس میں عازمین کا سامان بھی لے جائیں جس میں حاجی بذاتِ خود سفر کر رہے ہوں۔اندرابی نے کہا کہ کئی لوگ برسوں تک پیسہ جمع کرکے حج کرنے جاتے ہیں لہٰذا انہیں حکومت کی طرف سے ہرسطح پر تعاون دیاجانا چاہئے۔منیجنگ ڈائریکٹر ایس آر ٹی سی نے وزیر کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے پر ہمدردانہ غور کریں گے۔عازمین کو سہولیات بہم پہنچانے کے تناظرمیں فاروق اندرابی نے ایگزیکٹیو آفیسر سٹیٹ حج کمیٹی سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ حج ہاوس بمنہ میں ٹھہرنے کے دوران عازمین کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے کہا کہ عازمین کیلئے ہر ایک جگہ پر بہتر سہولیات دستیاب رکھنی چاہئیں۔ایگزیکٹیو آفیسر سٹیٹ حج کمیٹی نے اس موقعہ پر جانکاری دی کہ حج 2017 ءکے لئے کل 35215درخواستیں موصول ہوئیں اور آج تک کی تفصیلات کے مطابق ریاست کو مختلف زمروں کے تحت 7965 نشستیں الاٹ ہوئی ہیں۔