حج 2022کیلئے عمر کی حد 65سال مقرر

بلال فرقانی
سرینگر// سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ اس سال 10 لاکھ غیر ملکی اور ملکی عازمین حج ادا کریں گے۔ تاہم، وزارت نے کہا کہ اس سال کا حج ان لوگوں کے لیے کھلا ہے جن کی عمریں 65 سال سے کم ہے اور انہوں نے سعودی وزارت صحت کی طرف سے منظور شدہ کوویڈ کے اہم ٹیکے لگائے ہیں۔حج اعلانیہ میں کہا گیا ہے’’  باہر سے آنے والے عازمین کو مملکت میں روانگی کے 72 گھنٹوں کے اندر کئے گئے کویڈ ’آر ٹی پی سی آر‘ٹیسٹ کا نتیجہ جمع کرانے کی ضرورت ہے۔ادھر اسٹیٹ ایگزیکٹیو حج آفیسر ڈاکٹر عبدالاسلام میر نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سال تقریباً 12ہزاردرخواستیں حج آفس کو موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سعودی حکومت نے 65 سال سے کم عمر کی حد مقرر کر دی ہے، لہٰذا تقریباً 2ہزارعازمین حج کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ ڈاکٹر میر نے کہا’’ہمارے پاس 65 سال سے زیادہ عمر کے عازمین کی تقریباً 2000 درخواستیں ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ غالباً بقیہ 10ہزارعازمین حج 2022 کے حقدار بن سکتے ہیں جو حکومت ہند کی طرف سے حتمی کوٹا کی تقسیم پر منحصر ہے۔ ڈاکٹر میر نے کہا،کہ آئندہ ایک ہفتے میں صورتحال واضح ہو جائیں گی۔