حج ہائوس سرینگر 100بستروں والے کووڈ کیئر سینٹر میں تبدیل

 سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے سرینگر حج ہائوس کو آکسیجن سے لیس 100 بستروں والے کوویڈ کیئر سینٹر میں تبدیل کر دیا ہے ۔عارضی طور پر کوویڈ کیئر سینٹر میں تبدیل کئے جانے والے حج ہائوس میں متاثر مریض بھرتی ہونا بھی شروع ہو گئے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ محمد اعجاز اسد نے ہفتے کو حج ہائوس کوویڈ سینٹر کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا: 'لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر سرینگر سمیت پورے جموں و کشمیر میں بیڈوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ ان کی ہدایت پر ہی کووڈ کیئر سینٹروں میں آکسیجن سے لیس بیڈوں کا انتظام کیا جا رہا ہے '۔ان کا مزید کہنا تھا: 'حج ہائوس میں ہم نے آکسیجن سے لیس 100 بیڈوں کا انتظام کیا ہے ۔ یہاں مریض بھی بھرتی کئے جا رہے ہیں۔ مزید جگہوں پر بھی ایسا ہی انتظام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آکسیجن کنسنٹریٹرس اور سلنڈر حکومت فراہم کر رہی ہے '۔