بانہال // حج کے مبارک سفر کی خواہش رکھنے والے بانہال کے ایک عازم کا کورنمبر اور دیگر دستاویزات نہ آنے کی وجہ سے سخت مایوسی کا سامنا ہے کیونکہ اب کی بار ان کا فارم غائب پایا گیا ہے۔ محمد یاسین شاہ ولد عالم شاہ ساکنہ تکیہ ٹھٹھاڑ تحصیل بانہال پچھلے چار سالوں سے حج کیلئے فارم بھر رہے ہیں لیکن اب تک تین بار ان کا نمبر قرعہ اندازی میں نہیں آیا جبکہ چوتھی بار بھرا گیا فارم تحصیل دفتر بانہال اور حج ہاوس سرینگر سے غائب پایا گیا ہے جس کی وجہ سے چوتھی بار حج بیت اللہ جانے کی ان کی کوشش اب تک ناکام ہوگئی ہے۔ محمد یاسین شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سال 2014 سے سنہ 2016 عیسوی تک میں نے جو فارم بھرے ان کے باضابطہ طور کور نمبر ملے مگر سال 2017 کے حج کیلئے ان کی طرف سے تحصیل دفتر بانہال مین داخل کیا گیا فارم ابھی تک غائب ہے اور اس سلسلے میں تین بار حج ہاوس سرینگر جانے کے باوجود بھی اس فارم کے بارے میں کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا پاسپورٹ بھی ابھی تک مجھے واپس نہیں دیا گیا ہے جس کی وجہ سے میں کسی نجی کمپنی کے ذریعے حج کا فریضہ ادا کرنے سے بھی قاصر ہوگیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ غائب ہوئے حج فارم کا پتہ لگانے کیلئے میں نے تحصیلدار دفتر بانہال ، ایس ڈی ایم اور حج ہاوس سرینگر کے کئی چکر کاٹے ہیں مگر ابھی تک میرا معاملہ حل نہیں کیا جا سکا ہے۔ انہوں نے ریاستی حج و اوقاف کے وزیر اور حج افسر سرینگر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے معاملے کی جلد از جلد تحقیقات کی جائے اور ان کے سابقہ تین سالوں کو بھرے گئے فارموں کو موجودہ سال کے ساتھ شامل کیا جائے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔
حج فارم غائب ہونے سے بانہال کا عازم مایوس
