حافظ سعید نے گرفتاری سے بچنے کے لئے عرضی لگائی

اسلام آباد// ممبئی حملے کے کلیدی سازشی اور دہشت گرد تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے گرفتاری سے بچنے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے اور یہ کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت ہندوستان اور امریکہ کے کہنے پر اسے گرفتار کرنا چاہتی ہے ۔ پاکستانی اخبار 'ڈان 'میں آج شائع خبر کے مطابق ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر گھرے سعید نے اپنے وکیل اے کے ڈوگر کے ذریعے داخل کی گئی عرضی میں عدالت سے حکومت کو اسے گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل کی۔  قابل غور ہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی کمیٹی کا ایک وفد اسی ہفتے دو روزہ دورہ پر پاکستان جانے والا ہے ۔وفد اس سلسلہ کی انکوائری کرے گا کہ پاکستان عالمی باڈی کی عائدپابندی سے متعلق احکامات کی تعمیل کر رہا ہے یا نہیں۔ اقوام متحدہ کی ٹیم کے اس دورے کو دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں پر پابندی کو مکمل طورپر لاگو کرنے میں ناکام رہنے پر پاکستان پر ہندوستان اور امریکہ کے دباؤ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔