حاجن کرالہ گنڈ میں فائرنگ کا تبادلہ،جنگجو فرار

 کپوارہ+پلوامہ //سرحدی ضلع کپوارہ کے حاجن کرالہ گنڈ علاقہ میں اتوار کی دوپہر فوج اور جنگجوئو ں کاآمنا سامنا ہو ا۔تاہم  جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔فوج کی30اور32راشٹرایہ رائفلز اور سپیشل آ پریشن گروپ ہندوارہ نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر حاجن کرالہ گنڈ ہندوارہ کامحاصرہ کیا جس کے دوران فوج نے گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی ۔تلاشی کارروائی کے دوران جنگجوئو ں نے فوج پر گولیاں چلائیں۔فوج نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا جس کے دوران جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔فوج نے علاقہ کے ایک وسیع حصہ اننون ،ڈوگر اور حاجن کو گھیرے میں لیا اور جنگجوئو ں کی تلاش شروع کی تاہم شام 5بجے محاصرہ ختم کیا گیا۔اس دوران ایک روز قبل شانو لنگیٹ علاقہ میں جمعہ کی شام گئے دیر ایک  پر اسراردھماکہ ہو ا جس کے بعد فوج نے علاقہ کے بڑے حصہ کو محاصرہ میں لیکر تلاشی کاروائی کئی گھنٹوں تک انجام دی ۔اس دوران تانترے پورہ لاسی پورہ پلوامہ میں تلاشی آپریشن کے دوران فورسز و مظاہرین میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔سہ پہر ساڑھے چار بجے فورسز نے مذکورہ گائوں کا محاصرہ کیا اور تلاشیاں لیں۔ جب محاصرہ ختم ہونے جارہا تھا تو مقامی نوجوانوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے فورسز پر پتھرائو کیا جس کے جواب میں انہیں منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی گئی۔ تاہم ایک گھنٹے کے بعد صورتحال معمول پر آگئی البتہ پلوامہ سنگم روڑ پھر کچھ دیر تک ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔