جموں؍؍ جموں و کشمیر ٹورِزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (جے کے ٹی ڈی سی) صوبہ جموں کے ملازمین کی یونین کے اِنتخابات بہ روزِ منگل عمل میں لائے گئے۔ اِنتخابات الیکشن آفیسر اَشوک کول کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئے جس میں ملازمین ِ صوبہ جموں نے مختلف مقامات پر کارپوریشن کی متعلقہ دفتری اکائیوں بہ شمولِ ٹی ۔آر۔سی (ٹورِسٹ ریسیپشن سنیٹر) کمپلیکس جموں میں اپنے حقِ رائے دہندگی کا اِستعمال کیا۔ ووٹ شماری ٹی۔آر۔سی کمپلیکس جموں میں عمل پذیر ہوئی۔ اِنتخابات میں لال سنگھ صدر، محمد سلیم سمیال سینئر نائب صدر، شام لال شرما جنرل سیکریٹری، رویندر بھٹ خازن اور پَلوِندر سنگھ آرگنازر کے عہدوں پر منتخب قرار دِیے گئے۔ بعد اَز آں منتخب شدہ عہدہ داروں نے عبدالمنان بھٹ کو یونین کا سرپرستِ اعلیٰ، نعیم بیگ کو چیئر مین، بشیر احمد گنچو کو وائس چیئر مین اَور چمیل سنگھ کو نائب صدر نامزد کیا۔ نو منتخب عہدہ داروں نے اُن پر اعتماد کا اِظہار کرنے کے لیے کارپوریشن کے ملازمین کا شکریہ اَدا کیا اَور یقین دِلایا کہ وہ ملازمین کی بہبود کے لیے حتی المقدور کوشش کریں گے۔ کارپوریشن کے اَفسران کو تعاون کا یقین دِلاتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ وہ ملازمین اَور اِنتظامیہ کے مابین پُل کا کام کریں گے تا کہ کارپوریشن ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو سکے۔