جموں، 10 جون (یو این آئی) جموں و کشمیر سیمنٹس لمیٹڈ ملازمین اپنے مطالبات خاص کر تنخواہوں کی واگذاری کو لے کر بر سر احتجاج ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ 28 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں چولھا جلنا مشکل ہوگیا ہے۔احتجاج کے دوران جمعرات کو یہاں جموں وکشمیر کیجول لیبررس فرنٹ کے نمائندے تنویر حسین نے میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہا کہ یہ لوگ یہاں بارہ دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن انتظامیہ کا کوئی بھی افسر ان کے پاس نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ جے کے سیمنٹس کے ملازمین گذشتہ 28 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔موصوف نے کہا کہ کورونا میں بھی تنخواہ نہ ملنے سے ان ملازموں کے گھر کیسے چلیں گے محکمہ اس کے بارے میں کوئی فکر نہیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے کے سیمنٹس اگر گھاٹے میں ہے تو صرف مخصوص ملازموں کو ہی باہر کا راستہ کیوں دکھایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلند بانگ دعوے کر رہی تھی کی دفعہ 370 ہٹنے کے بعد جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو نوکریاں مل جائیں گی لیکن آج ان کو نوکریاں نہیں دی جاتی ہیں بلکہ نوکریاں ان سے چھینی جا رہی ہیں۔مسٹر تنویر حسین نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان ملازموں کی تنخواہوں کو واگذار کیا جائے اور ان کے دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات دو تین ہفتوں کے اندر پورے نہیں کئے تو ہم احتجاج کو مزید تیز کریں گے۔یو این آئی
جے کے سیمنٹس لمیٹڈ کے ملازمیں 28 ماہ سے تنخواہ سے محروم، جموں میں احتجاج
