جموں// چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں کشمیر بینک جی ایس ایس اِی ۔پورٹل کا آغاز کیاتاکہ حکومتی معاونت والی سکیموں کے تحت کریڈٹ اپیلی کیشنز کی مقررہ وقت میں ٹریکنگ کی جاسکے۔ اُنہوں نے اسے بینک میں قرض کی درخواستوں کی کارروائی میں شفافیت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ اِقدام بینک میں جی ایس لون کی درخواستوں کی کارروائی سے متعلقہ دیرینہ خدشات کو دُور کرے گا اور درخواست دہندگان اور معاونت کرنے والی ایجنسیوں کو ضرورت پڑنے پر بروقت اِقدام کرنے کے قابل بنائے گا۔ ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ درخواست دہندہ کو اَپنی قرض کی درخواستوں کی صورتحال کے بارے میں بالخصوص اس کی درخواست کو مسترد کرنے کی بنیادی وجوہات جاننے کا حق ہے ۔اِفتتاحی تقریب میں سیکرٹریوں ، ایم ڈی اینڈ سی اِی او جے اینڈ کے بینک بلدیو پرکاش اور جے اینڈ کے بینک کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔اِس سے قبل ایم ڈی جے اینڈ کے بینک نے ایک مختصر سی پرزنٹیشن دی جس میں اُنہوں نے کہاکہ جے اینڈ کے بینک جی ایس ایس اِی ۔ پورٹل کے رول آئوٹ سے درخواستوں کی فزیکل پروسسنگ فوری بند ہوجائے گی۔بلدیو پرکاش نے کہا کہ پورٹل میں درخواست دہندگان کو مطلوبہ قرض سے متعلق رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے لئے ایس ایم ایس کی درخواستوں کی ترسیل کا بھی اِنتظام ہے۔چیف سیکرٹری نے جے اینڈ کے بینک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ بینک کو مالیاتی شمولیت اور سائبر رسک مینجمنٹ کے شعبوں میں ملک کا بہترین بینک قرار دیا گیا ہے۔مالی سال 2021-22 میں پی ایم اِی جی پی کی عمل آوری میں چوتھے بہترین بینک کے طور پردرجہ بندی کی گئی ہے۔اُنہوں نے بینک کی درجہ بندی کو منفی سے +Aمستحکم کرنے پر اِنتظامیہ کو بھی مبارک باد دی۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ سے کہا کہ وہ پورٹل کو اس قابل بنائے کہ وہ درخواست دہندگان کو ایس ایم ایس الرٹ بھیجنے کیلئے ان کی قرض کی درخواستوں کو مسترد کئے جانے کے فوراً بعد ان کی وجوہات سے آگاہ کرے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے بینک سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائے کہ یہ پورٹل موبائل فعال ہے اور تمام 15 مرکزی معاونت والی سکیموں کو 15 مارچ تک پورٹل کے ساتھ ضم کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے آئی ٹی سیکرٹری کو ہدایات دی کہ تمام سرکاری سکیموں اورخدمات کے شروع سے آخیر تک ڈیجیٹائزیشن کا جاری عمل 15 مارچ تک مکمل ہونا چاہیئے۔انہوں نے بینک کو مشورہ دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ پورٹل ڈیش بورڈ تک رسائی حکومتی سیکرٹریوں کو بھی نگرانی کے لئے ایک ہفتے کے اندر دی جائے۔