جے کے بینک چیئرمین کا حج ہاؤس بمنہ کا دورہ

سرینگر//جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر کل اپنی اعلیٰ انتظامیہ کے ہمراہ حج ہاؤس بمنہ کے دورے کے دوران عازمین حج سے ملاقات کی اورمتبرک سفر کے دوران انکی حفاظت اور کامیابی کی امید جتائی۔جے اینڈ کے سٹیٹ حج کمیٹی کے ایکزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر عبدالسلام، حج آفیسر محمد مقبول اور سٹیٹ حج کمیٹی کے سینئر افسران نے بینک چیئرمین اور انکی اعلیٰ انتظامیہ ٹیم کا حج ہاوس میں استقبال کیا۔ حج ہاوس کے دورے پر چیئرمین کے ہمراہ زونل ہیڈ کشمیر سینٹرل تبسم نظیر، کلسٹر ہیڈ بشیر احمد سندرو اور شبیر احمد و بینک کے دیگر سینئر افسران موجودتھے۔ چیئرمین نے عازمین کو ریاست کی بہبود، امن اور ترقی کیلئے دعاگو رہنے کی تلقین کی اور انہیں یقین دلایا کہ انکے سفر کے دوران مختلف پڑاؤں پر جے کے بینک انہیں عالمی سطح کی بینکنگ سہولیات بہم رکھے گا ۔ حج ہاؤس میں حاجیوں کیلئے زرِ مبادلہ کی سہولیات بہم رکھنے اور چیئرمین کے ایسے عوام دوست رابطوں کو عازمین نے کافی سراہا۔