سرینگر//جے وی سی اسپتال بمنہ میں او پی ڈی مریضوں کے خون کی تشخیص کیلئے قائم کی گئی لیبارٹری جلدی بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اسپتال میں علاج و معالجہ کیلئے آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ اسپتال میں او پی ڈی مریضوں کیلئے قائم کی گئی لیبارٹری کو دوپہر 2بجے بند کردیا جاتا ہے جسکی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم اسپتال کے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ مریضوں سے فیس وصول کرنے کا کاونٹر بند کردیا جاتا ہے تاہم تشخیصی ٹیسٹ ایمرجنسی میں کرائے جاتے ہیں۔وادی کے سرکاری اسپتالوں میں مختلف قوانین اور مختلف اوقات کار کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جے وی سی میں علاج و معالجے کیلئے آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ اسپتال میں دو پہر بعد علاج و معالجہ کیلئے آنے والے مریضوں کو نہ توبہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جارہا ہے اور نہ ہی تشخیصی ٹیسٹ وقت پر ہورہے ہیں۔میر محمد ابراہیم نے بتایا ’’ میں علاج و معالجے کیلئے اسپتال قریب 1بجے پہنچا تھا جہاں او پی ڈی میں تعینات ڈاکٹر نے مجھے پیشاب کی تشخیص کیلئے کہا مگر فیس کاونٹر پر گیا تو وہاں بتایا گیا کہ کاونٹر 2بجے بند ہوتا ہے جبکہ اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے تشخیصی ٹیسٹ کیلئے لکھ کر کردیا ہے کہ اسپتال میں کے او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کیلئے تشخصی لیبارٹری 2بجے بند ہوتی ہے ۔ جے وی سی اسپتال کی میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر شفیہ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا’’ ہم صرف فیس کاونٹر 2بجے بند کرتے ہیں جبکہ دو بجے کے بعد آنے والے مریضوں کو تشخیصی ٹیسٹ ایمرجنسی میں کرائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کاونٹر تین بجے تک کھلا رکھنے کے احکامات جاری کروں گی۔ ادھر پرنسپل سکمز میڈیکل کالج ڈاکٹر ریاض یتو کا کہنا ہے کہ ہم نے ایسے کوئی بھی احکامات صادر نہیں کئے ہیں جس کے تحت کوئی بھی کاونٹر 2بجے بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہو۔ ‘‘
جے وی سی ہسپتال میں اوپی ڈی لیبارٹری جلد بند کرنے کاالزام
