جے سی بی نالہ سندھ میں گرا، آپریٹر زخمی، ساتھی لاپتہ

کنگن+بانہال // سونہ مرگ اور بانہال میں سڑک حادثات کے دوران ایک شخص ہلاک اور ایک لاپتہ جبکہ2دیگر زخمی ہوئے۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ ہنگ سونہ مرگ میں سوموار کی صبح گاندربل سے سونہ مرگ جارہا ایک JCB ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ہنگ کے نزدیک نالہ سندھ میں جاگرا۔ جے سی بی پر ڈرائیور اور کنڈیکٹر سوار تھے۔حادثہ کے فوراً بعد پولیس اور لوگوںنے بچا ئوکارروائی شروع کی۔اس دوران جے سی بی آپریٹر شاہد احمد گاسی ولد حبیب اللہ گاسی ساکن گوز ہامہ گاندربل کو زخمی حالت میں پانی کی تیز رفتار لہروں سے باہر نکال کر بچالیا گیاجسے فوری طور پر علاج و معالجہ کے لئے سونہ مرگ ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جے سی بی کنڈیکٹر عرفان احمد بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن واکورہ گاندربل لاپتہ ہوا ۔ پولیس ایس ڈی آر ایف اور مقامی لوگ لاپتہ نوجوان کو برآمد کرنے میں لگے ہوئے ہیں تاہم شام دیر گئے تک اسکا کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا۔پولیس  نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کنڈیکٹر کو پانی کی لہریں اپنے ساتھ بہا کر لے گئی ہیں۔ادھربانہال کے چریل علاقے میں ٹریکٹر حادثے میں ایک شخص لقمہ اجل بنا ۔ یہ ٹریکٹر چاپناڑی جانے کے دوران چریل کے نزدیک ایک لنک روڈ پر حادثے کا شکار ہوگیا ۔پولیس نے مہلوک ٹریکٹر ڈرائیور کی شناخت محمد رفیق بڈانہ ولد فیروز دین بڈانہ ساکنہ سنگڑی ناڑ (زبن) نوگام بانہال کے طور کی گئی ہے جبکہ اس حادثے میں زخمی کی شناخت ریاست مغربی بنگال کے مزدور عبدالمتین ولد عبدالوحید کے طور کی گئی ہے اور اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرحوم محمد رفیق کی پچھلے برس ہی شادی ہوئی تھی۔