جے این یو کیس: چارج شیٹ نامنظور

نئی دہلی //جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلبا یونین کے سابق صدر کنہیا کمار اور 7کشمیری سمیت 10 طالب علموں کے خلاف مبینہ غداری کے معاملے میں دہلی کی عدالت نے پولیس کو پھٹکار لگائی ۔ کورٹ نے پولیس سے دہلی حکومت سے منظوری لئے بغیر چارج شیٹ دائر کرنے پر سوال کھڑے کئے۔اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے کہا’’آپ کے پاس لیگل ڈیپارٹمنٹ کی منظوری نہیں ہے، آپ نے حکومت کی اجازت کے بغیر چارج چارج شیٹ کیسے پیش کی؟ اس پر دہلی پولیس نے بتایا کہ 10 دن کے اندر دہلی حکومت سے چارج شیٹ کے لیے ضروری منظوری مل جائے گی۔دراصل، ملک سے غداری کے معاملہ میں تعزیرات ہند کی دفعہ 196 کے تحت جب تک حکومت منظوری نہیں دے دیتی تب تک عدالت چارج شیٹ پر نوٹس نہیں لے سکتی۔دہلی پولیس نے یہاں پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں جے این یو طالب علم یونین کے سابق صدر کنہیا کمار اور دیگر کے خلاف 1200 صفحات کی چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کیمپس میں افضل گورو کی پھانسی کیخلاف ایک پروگرام کی قیادت کر رہے تھے اور ان پر فروری 2016 میں یونیورسٹی کیمپس میں ملک مخالف نعرے کی حمایت کرنے کا الزام ہے۔