عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں کرائم برانچ جموں کے اقتصادی جرائم ونگ نے ہفتہ کو چار ملزمین کے خلاف مجرمانہ سازش رچنے اور جموں و کشمیر میں جے اینڈ کے بینک کی مختلف شاخوں سے 5 کروڑروپے کی دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کے الزام میں ابتدائی چارج شیٹ پیش کی۔کرائم برانچ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مجرمانہ سازش رچنے اور کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کے الزام میں مرکزی ملزم سلیم یوسف بھٹی آف ناروال، مینڈھر، پونچھ کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کی گئی۔ ضلع پونچھ کے لیے مربوط واٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت حکومتی اسکیم کے بہانے مختلف نوعیت کے قرضوں کے طور پر جموں و کشمیر بینک کی مختلف برانچوں سے 5 کروڑ، خاص طور پر ضلع پونچھ سے قرضہ لیا تھا۔مرکزی ملزم اور ماسٹر مائنڈ جو پہلے مرکزی حکومت کی اسپانسرڈ اسکیمIWMP میں کنٹریکٹ پر مبنی ملازم کے طور پر کام کر رہا تھا ، نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے اور حقائق کی غلط تشریح کرکے اپنے مذموم عزائم کو عملی جامہ پہنایا۔اس مقدمے میں گرفتار کیے گئے دیگر شریک ملزمان میں محمد الطاف، رخسانہ تبسم اور زاہدہ پروین شامل ہیں، جو تمام باشندے آری، مینڈھر پونچھ ہیں۔اس کیس کی تحقیقات چیف منیجر ایس اینڈ سی ڈویژن، زونل آفس جے اینڈ کے بینک لمیٹڈ جموں کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے بعد شروع ہوئی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ سلیم یوسف بھٹی جو پونچھ میں انٹیگریٹڈ واٹرشیڈ مینجمنٹ پروگرام ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کنٹریکٹ پر ملازم تھا اور دیگر نے غیر قانونی طور پرجے اینڈ کے بینک برانچ لسانہ، سرنکوٹ پونچھ میں واٹرشیڈ کمیٹی کے فعال اکانٹس سے رقوم نکالیں۔اس کے بعد، ملزمین نے کھاتوں کا نام تبدیل کیا، جعلی تنخواہ سرٹیفکیٹ اور مختلف غیرموجودہ ملازمین کو تصدیقی خطوط بنائے اور خود کو سرکاری ملازم ظاہر کرکے کروڑوں میں ذاتی قرضوں، کیش کریڈٹ لون اور کار لون وغیرہ کا انتظام کیا۔ملزمین جے اینڈ کے بینک برانچ آفس مینڈھر اور برانچ آفس بس اسٹینڈ مینڈھر میں جعلی سرکاری اکانٹس کھولنے میں بھی کامیاب ہو گئے ۔ترجمان نے کہا کہ ملزمان نے پہلے مختلف بنکوں/برانچوں کے ذریعے واٹرشیڈ کمیٹی کے کھاتوں اور ان کی طرف سے کھولے گئے جعلی کھاتوں میں رقم جمع کروائی، جعلی اتھارٹی لیٹر جاری کر کے برانچوں کو انفرادی کھاتوں میں تنخواہوں کی ادائیگی اور کریڈٹ کرنے کی ہدایت کی۔ سرکاری ملازمین کے طور پر اور اس طرح وہ بینک کی مختلف دوسری شاخوں سے تقریبا 5 کروڑ قرض حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔شکایت کی وصولی پر ابتدائی تحقیقات کے دوران الزامات کو پہلی نظر میں ثابت کیا گیا، جس کے نتیجے میں گہرائی سے تفتیش کے لیے باضابطہ مقدمہ درج کیا گیا۔دوران تفتیش متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لیا گیا، گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، سائنسی، حالاتی اور دیگر مادی شواہد اکٹھے کیے گئے اور ان کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے۔”یہ تمام قرضے اب J&K بینک کے نان پرفارمنگ اثاثے (NPA) ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس کی تفتیش جاری ہے تاکہ جرم میں ملوث دیگر ملزمان کی شناخت اور انہیں گرفتار کیا جا سکے۔