جے او سی شمالی کمان کا لیفٹیننٹ گورنر سے سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

جموں//جے او سی شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے جمعہ کو راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ادھر سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عطیم متو بھی گورنر سے ملاقی ہوئے۔ میٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر اور لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے منظر نامے اور مجموعی سیکورٹی انتظامات سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے لیفٹیننٹ گورنر کو جموں و کشمیرکے سرحدی اور اندرونی علاقوں میں سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں امن، ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور لوگوں کیلئے ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنانے میں فوج کے اہم کردار کی تعریف کی۔ادھر سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔میئر جنید عظیم متو نے لیفٹیننٹ گورنر کو مختلف ترقیاتی اِقدامات اور ایس ایم سی کی طرف سے زمینی سطح پر کمیونٹی سطح کے کئے جارہے کاموں کے بارے میں معلومات فراہم کیں جس کا مقصد سرینگر میں زندگی کی آسانی کوبہتر بنانا ہے۔اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو سرینگرکو ایک عالمی معیار کے سیاحتی شہر میں تبدیل کرنے کے مقصد کی طرف اُٹھائے گئے اِقدامات کے بارے میں جانکاری دی جس میں بہتر عوامی بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کی فراہمی بالخصوص سڑکوں اور پُلوں ، پبلک ہیلتھ اِنجینئرنگ ، صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے شامل ہیں۔سرینگر میں پرائمری تعلیم کو بہتر بنانے، عوامی شکایات کے ازالے اور پالیسی سازی کے شعبوں میں عوامی نمائندوں کو بااِختیار بنا کر ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے عظیم پریم جی فائونڈیشن اور پراجا کے اشتراک سے ایس ایم سی کی طرف سے شروع کئے جانے والے اشتراکی کاموں کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ایس ایم سی کی کوششوں کی تعریف کی اور میئر سے کہا کہ وہ سرینگر شہر کی ترقی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے اَپنی کوششیں جاری رکھیں۔