جی ایچ میر ، ڈاکٹر خورشید اقبال اندرابی ،ڈی سی رینہ اور نظام الدین بٹ کی گورنر سے ملاقات

 سرینگر//سابق ریاستی وزیر جی ایچ میر نے کل یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ جی ایچ میر نے ریاست کی موجودہ صورتحال اور ریاست کو درپیش مشکلات کے بارے میں گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ امن کی بحالی کیلئے مطلوبہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ اس دوران شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے ممبر اور قانونی مشیر ڈی سی رینہ نے کل یہاں راج بھون میں ریاست کے گورنر اور بورڈ کے چئیر مین این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ ڈی سی رینہ نے بورڈ کی انتظامیہ اور یاترا کے انتظام کے تعلق سے جُڑے کئی قانونی معاملات کے بارے میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔دریں اثناءکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خورشید اقبال اندرابی نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ گورنر نے ڈاکٹر اندرابی کو یونیورسٹی میں پڑھائے جانے والے چند ایک کورسز کو جاری رکھنے کے معاملے کی باریک بینی سے جانچ کرنے کی ہدایت دی ۔ گورنر نے وائس چانسلر پر کسی بھی ایسے پروگرام سے احتراز نہ کرنے کی تلقین کی جس سے یونیورسٹی کے تدریسی اور تحقیقی کام پر کوئی منفی اثر پڑے ۔ادھرہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے وائس چیئر مین نظام الدین بٹ نے بھی گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ نظام الدین بٹ نے ریاست میں ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹس مصنوعات کی ترقی کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی ۔