جی ایم سی سے کوئی کووڈ مریض ریفر نہیں کیاگیا :سپر ناٹینڈنٹ

راجوری //گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری کی مینجمنٹ نے کہاکہ ہسپتال میں زندگی بچانے کیلئے کام آنے والی تمام ادویات ہسپتال میں دستیاب ہیں جبکہ اس دوران کوئی بھی کووڈ مریض دیگر ہسپتالوں کیلئے ریفر نہیں کیا گیا ہے ۔میڈیکل سپر ناٹینڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ 4ہفتوں سے میڈیکل کالج میں سے کوئی بھی کووڈ مریض ریفر نہیں کیا گیا ہے ۔موصوف نے بتایا کہ اس وقت تین آئسولیشن سنٹروں میں 120کووڈ مریض موجود ہیں جن میں سے کچھ ایک بیمار ہیں جبکہ دیگر مریض اچھی صحت میں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کو لگاتار گھر بھیجا جارہا ہے ۔شر ح اموات میں ہوئے اضافے کے سلسلہ میں ایک سوال کے جواب میں آفیسر موصوف نے کہا کہ زیادہ اموات کی اصل وجہ مریضوں کا ہسپتال میں تاخیر سے آنا ہے جبکہ کچھ ایسے مریضوں کی موت ہوئی ہے جن کے پھیپھڑے 60فیصد سے بھی زیادہ متاثر ہو نے کے بعد ہسپتال پہنچائے گئے ہیں ۔ادویات او ر آکسیجن کے سلسلہ میں بولتے ہوئے میڈیکل سپر ناٹینڈنٹ نے کہا کہ اس وقت 1000ایل پی ایم آکسیجن پلانٹ کام کررہا ہے جبکہ 750ایل پی ایم صلاحیتوں کا ایک مزید پلانٹ کچھ ہی دنوں میں کام کرنا شروع کر دے گا ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت تمام طرز کی ادویات ان کے پاس دستیاب ہیں ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ مریضوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔