جی ایم سی جموں میں ایڈز ڈے کے سلسلے میں تقریب

جموں//جموں وکشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے اشتراک سے جی ایم سی کے آڈیٹیوریم میں ورلڈ ایڈز ڈے کے سلسلے میں ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اٹل ڈولو اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت موجود تھے۔تقریب کا آغاز دیا جلانے اور ایم ٹی سکول جی ایم سی جموں کے طلاب کی طرف سے سرسوتی وندناگائین سے ہوا ۔اس موقعہ پر ثقافتی پروگرام بھی منعقد ہوا جس میں ایڈز سے متعلق بیداری کی عکاسی کی گئی تھی۔استقبالیہ خطبہ سوسائٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے پیش کیا اور انہوں نے جے کے ایس اے سی ایس کے کام کاج پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے لوگوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل  کی کہ وہ جموں وکشمیر کو ایڈز جیسی مہلک بیماری سے پا ک کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس بیماری سے متاثرہ لوگوں کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقعہ پر انہوں نے جموں وکشمیر سٹیٹ ایڈز کنٹرول سوسائٹی کی ایک مہم کا بھی آغاز کیا۔ انہوں نے جی ایم سی جموں کے احاطے میں خون کے عطیے کے کیمپ کا بھی افتتاح کیا۔ مہمان خصوصی نے اُن افراد ، تنظیموں ، شرکا اور طلاب میں مومنٹوز اور اسناد تقسیم کئے ۔جنہوں نے ایڈز کنٹرول سوسائٹی کی کوششوں کو تقویت بخشنے میں مدد کی۔ اس سے قبل پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ایڈز بیداری ریلے کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اس موقعہ پر ریلی کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اس موقعہ پر مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ڈاکٹر بھوپندر سنگھ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سمیر مٹو اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔