جی ایم سی جموں میں آکسیجن کی فراہمی

 جموں//فائنانشل کمشنرمحکمہ صحت و طبی تعلیم اٹل ڈلو نے کہاہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں میں آکسیجن کی فراہمی کی کوئی کمی نہیں ہے اور انہوں نے اسٹاک میں بھی اضافہ کیا ہے۔جی ایم سی جموں کے اپنے دورے کے دوران ڈلو نے صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کا جائزہ لیا اور پرنسپل جی ایم سی اور انتظامیہ کے دیگر عملے سے ملاقات کی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈلو نے کہا’’پہلے ہمارے پاس بفر اسٹاک نہیں تھا جو اب بنا ہوا ہے، اس وقت ہمارے پاس 600 سلنڈر موجود ہیں اور آج 400 سے زیادہ آکسیجن سلنڈر لگیں گے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’آکسیجن کے مسئلے کو کامیابی کے ساتھ حل کیا گیا ہے اور آکسیجن کی فراہمی میں کمی کی کوئی شکایت نہیں ہے‘‘۔ان کاکہناتھاکہ آکسیجن کی فراہمی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے 31 اکتوبر تک ضرورت کو پورا کرنے کے لئے مائع آکسیجن ٹینک لگائیں گے۔ فنانشل کمشنر نے کہا کہ وینٹی لیٹر مکمل طور پر فعال ہیں اور یہ آکسیجن کی کم فراہمی کی وجہ سے ہے جس کی وجہ سے انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم ان کاکہناتھاکہ فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے اور وینٹی لیٹر مناسب طور پر فعال ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد محکمہ کے سربراہان اور دیگر سینئر ڈاکٹر باقاعدگی سے معاملات حل کررہے ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں بہتری اور شکایات کے ازالے کے ساتھ جموں کے ساتھ ساتھ سرینگر میں بھی اموات کی شرح میں کمی آئے گی۔