جیکفیڈ ملازمین کے مسائل پر غور ، بارہمولہ تاجروںکاوفد وزیرخزانہ سے ملاقی

سرینگر// خزانہ، محنت و روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے جموں اینڈ کشمیر کواپریٹیو سپلائی اینڈ مارکیٹنگ فیڈریشن لمٹیڈ ( جے اے کے ایف ای ڈی)کے ملازمین کے مسائل پر غور کرنے کے سلسلے میں منعقد کی گئی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں امداد باہمی اور امور لداخ کے وزیر چیرنگ دورجے ، سیکرٹری امداد باہمی شمیم احمد لہروال ، ایم ڈی جیکفیڈ دیپکا کماری شرما نے شرکت کی۔میٹنگ میں جیکفیڈ کے ملازمین کو درپیش مشکلات جن میں اُن کی ریٹائرمنٹ عمر 58سے 60برس تک بڑھانے کا مسئلہ بھی شامل تھا ،پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔ وزیر نے متعلقہ افسران کو ملازمین کی عمر کی حد بڑھانے سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ حکومت اس مطالبے پر غور کرسکے۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات مرحلہ وار طریقے پور ے کئے جائیں گے۔ دریں اثنا ٹریڈ رس فیڈریشن بارہمولہ کی ایک ڈیلی گیشن وزیر موصوف نے ملاقی ہوئی اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر نے ڈیلی گیشن کے مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔