جینیاتی بیماری میں مبتلا بنگلا دیشی نوجوان ، جسم پر شاخیں نکلنا شروع ہوگئیں

ڈھاکا//نایاب جینیاتی بیماری میں مبتلا بنگلا دیشی نوجوان کی پریشانی 24 آپریشن کے بعد بھی کم نہ ہوئی اور اس کے جسم پر ایک بار پھر سے شاخیں نکلنا شروع ہوگئیں۔اطلاعات کے مطابق بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والا ابول بجندر نامی شخص جسم پر شاخیں اگنے والی عجیب وغریب بیماری کا شکار ہے جو گزشتہ سال 24 آپریشن کروانے کے بعد بھی ٹھیک نہ ہوسکی اور اب اس کے جسم پر ایک بار پھر شاخیں اگنا شروع ہوگئی ہیں۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بجندر ایک ایسی بیماری کا شکار ہے جسے حیاتیاتی اصطلاح میں’ایپی ڈرموڈس پلیسیا ویریسی فارمس‘ کہا جاتا ہے جوکہ ایک انتہائی نایاب جینیاتی بیماری ہے جو ’’ ٹری مین یعنی درخت آدمی‘‘  کے نام سے پہچانی جاتی ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بجندر کے جسم سے 24 آپریشن کے بعد  5 کلو شاخوں کو ختم کیا گیا تھا جس کے بعد ہم سمجھ رہے تھے کہ یہ ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے لیکن 12 ماہ بعد بجندر کے جسم پر ایک بار پھر شاخوں کے آنے سے یہ کیس پہلے سے بھی زیادہ  پیچیدہ ہو گیا ہے ہم اس معاملے کی ہر ایک زاویے سے تفتیش کر رہے ہیں تاہم اس عمل میں کتنا وقت لگے گا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔