جیت سے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں زبردست جوش وخروش

نئی دہلی //لوک سبھا انتخابات کے رجحانوں کے آنے کے ساتھ ہی آج یہاں بی جے پی کے مرکزی ہیڈکوارٹر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور لوگ اس کا اظہار ایک دوسرے کو مبارک باد دیکر کرنے لگے ۔ صبح نو بجے انتخابات رجحان آنے لگے تو بی جے پی ہیڈکوارٹر پر پارٹی کارکنوں اور حامیوں کا آنا شروع ہوگیا اور دوپہر تک یہاں زبردست بھیڑ ہوگء۔ان لوگوں میں پارٹی کی جیت کے تئیں زبردست جوش وخروش نظر آیا لیکن لیڈران ابتدائی رجحانوں پر ردعمل ظاہر کرنے سے گریز کرتے دیکھے گئے ۔پارٹی ہیڈکوارٹر میں ہزاروں لوگوں کے آنے کے مدنظر وسیع تر انتظامات کیے گئے ہیں ۔پارٹی ہیڈکوارٹر میں کام کرنے والے لوگ صبح ہی پہنچ گئے تھے ۔ بی جے پی کے کچھ کارکنوں نے ڈھول نگاڑوں کے تھاپ پر ناچ ۔گا کراپنی خوشی کا اظہار کیا۔جیت کے امکانات سے خوش حامیوں نے تو کئی بار لڈو تقسیم کیے ۔پارٹی ہیڈکوارٹر میں آنے والے لیڈر ابتدائی رجحانوں پر کوئی رد عمل ظاہر کرنے سے گریز کرتے رہے ۔اس موقع پر سخت حفاظتی بندوبس کیے گئے ہیں ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں نہ صرف قومی راجدھانی کے کارکنان جمع ہوئے بلکہ اترپردیش ،ہریانہ اور راجستھان سے بھی جوش سے لبریز حامی پہنچ گئے تھے ۔کئی لوگوں نے بی جے پی کے جھنڈے لیے ہوئے تھے جبکہ کچھ نے اسی رنگ کی ٹوپی پہن رکھی تھی ۔خاتون کارکنوں میں زبردست جوش وخروش نظرآیا۔  بی جے پی کارکنوں نے بتایاکہ وزیراعظم نریندرمودی نے سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ دیاتھا جس پر اعتمادکرکے ملک کے عوام نے پارٹی کے حق میں فیصلہ دیاہے ۔انھوں نے کہا کہ قومی جمہوری اتحاد نے اپنی اتحادی پارٹیون کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرکے انتخاب لڑاتھا جس کی وجہ سے اتحادی پارٹیوں کو بھی زبردست کامیابی ملی ہے ۔  دریں اثنا پارٹی کی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ جمعرات شام کویہاں طلب کی گئی ہے ۔پارٹی ذرائع کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے میٹنگ ہوگی جس میں وزیراعظم نریندرمودی بھی حصہ لیں گے اور وہ پارٹی کارکنوں سے ملاقات کریں گے ۔اس میٹنگ میں حکومت کی تشکیل اور مستقبل کے کارروائی منصوبہ پر بھی بات چیت ہوسکتی ہے ۔ بی جے پی ہیڈکوارٹر میں میڈیا کی صبح سے زبردست بھیڑ تھی اور وہ پل پل کی اطلاع اپنے اپنے اداروں کو دے رہے تھے ۔یواین آئی